درودِ پاک کی فضیلت اور رسولِ اکرم ﷺ کی توجہ
ایک روایت کے مطابق جو بھی درودِ پاک کہیں بھی پڑھا جاتا ہے، وہ ہر جمعہ اور پیر کو آپ ﷺ کی خدمتِ اقدس میں پیش کیا جاتا ہے کہ فلاں فلاں شخص نے آپ ﷺ پر درود بھیجا ہے۔ وہ درود آپ ﷺ کی خوشنودی کا باعث بنتا ہے۔ آپ ﷺ تو رحمت ہی رحمت ہیں۔ آپ ﷺ درودِ پاک پڑھنے والے کو جوابی سلام بھیجتے ہیں، اور جس پر آپ ﷺ سلام بھیج دیں اُس کی خوش قسمتی کا اندازہ کیا ہوسکتا ہے۔
دوسری بات جو شاید آپ کو روایات میں نہ ملے، میں اپنی طرف سے عرض کردوں کہ درود پڑھنے والے کو آپ ﷺ کی توجہ ضرور ملتی ہے۔ اور میرے نزدیک جس کو آپ ﷺ کی توجہ حاصل ہوگئی، اُس کی دنیا بھی سنور گئی اور آخرت بھی۔ ایسا شخص نیکی کی طرف ضرور راغب ہوگا۔
آپ ﷺ کی یہ توجہ میرے نزدیک دنیا بھر کی نیکیوں سے افضل ہے۔ اگر میں نے کوئی نیکی کی ہوتی اور میرے نامۂ اعمال میں نیکیاں لکھی ہوتیں، تو میں ضرور کہتا کہ میری ان تمام نیکیوں کے عوض اگر مجھے آپ ﷺ کی توجہ حاصل ہوجائے تو سودا مہنگا نہیں۔ لہٰذا درودِ پاک کا وِرد رکھنا بہت بڑی سعادت ہے۔
