درود شریف کے حوالے سے پائے جانے والے تمام سوالات کے جوابات
درود پڑھتے وقت توجہ نہیں بنتی ؟
دل کرتا ھے یہ بھی درود پڑھ لیں وہ بھی درود پڑھ لیں
بسم اللہ صلی اللہ علی محمد واستغفراللہ
معزز درود ممبران
السلام علیکم ورحمتہ اللہ
ایک مسئلہ جو کہ ہر تیسرے شخص کے ساتھ درپیش ھے وہ یہ کہ سب درود افضل ہیں سب کر برکتیں اور فضیلتیں ہیں لیکن دل کرتا ھے کہ یہ درود بھی پڑھ لیں وہ درود بھی پڑھ لیں۔۔۔۔۔۔۔یہ ایک ایسی الجھن ھے جس کی وجہ سے ورد میں مستقل مزاجی نہیں آتی کسی ایک درود کی حلاوت نصیب نہیں ہو پاتی مزاج میں ٹھہراؤ نہیں ہو پاتا۔۔۔۔۔۔۔نتیجتاً ایک درود کو چھوڑ دوسرا پڑھ دوسرے کو چھوڑ تیسرا پڑھ اسی طرح دن اور وقت گزر رہا ھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک بات ہمیشہ یاد رکھیے جس دور سے آپ اب گزر رہے ہیں یہ کیفیات ہم آج سے 13 سال پہلے فیس کر چکے ہیں اور اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ برکتیں فضیلتیں کرامتیں سب کا سب لفظوں کا ہیر پھیر ھے اور محض تجربات سے ثابت ھے۔
آئیے چند ایک مثالوں سے اس بات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں مجھے امیدِ واثق ھے کہ اس پوسٹ کے بعد آپ کم از کم کسی ایک در کے ہو جائیں گے۔۔۔۔۔۔۔
میں نے اوپر کی لائنوں میں ایک جملہ استعمال کیا ھے کہ یہ درود کی برکتیں فضیلتیں کرامتیں سب لفظوں کا ہیر پھیر ھے۔۔۔۔۔۔۔۔شاید اس جملے کی وضاحت مجھ سے زیادہ کوئی بھی پیش نہ کر سکے گا کیونکہ میں ایک مؤلف/مصنف بھی ہوں اور ایڈیٹر بھی رہ چکا ہوں۔
اور لفظوں کے انہی ہیر پھیر نے ہمارے دل دماغ کو ہیر پھیر کر رکھا ہوتا ھے
وہ اسطرح سے کہ
آپ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر مختلف درود شریف کے مشاھدات اور روحانی خواب پڑھتے سنتے رہتے ہیں ان روحانی خوابوں کو اور مشاھدات کو کہانی بنا کر پیش کیا جاتا ھے تاکہ یہ دل کی گہرائیوں میں اتریں
لیکن یہاں ایک نقص بھی ھے
یہ مشاھدے اور روحانی خواب دل کی گہرائیوں میں تو اتر جاتے ہیں لیکن وسوسے میں بھی ڈال جاتے ہیں
وسوسے کا لفظ اس لیے استعمال کیا کیونکہ ہمارا اپنا یقین کمزور ہوتا ھے بلکہ آخری درجے کا کمزور ہوتا ھے
اور اس بات کا ثبوت یہ ھے کہ آپ نے کسی درود کے دس پندرہ مشاھدے اور روحانی خواب پڑھ لیے تو اب آپ یہ تصور باندھنے لگ جاتے ہیں کہ اس کے بڑے فائدے ہیں اسکی بڑی کرامتیں ہیں لہذا ہم بھی یہی والا درود پڑھتے ہیں
پھر آپ اپنا ورد چھوڑ دیتے ہو وہ ورد جس کو آپ نے ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں پڑھا ہوتا ھے اور وہ درود پڑھنا شروع کر دیتے ہو جس کی فضیلتیں کرامتیں ضرورت سے زیادہ پڑھ لیتے ہیں
کچھ دن یا کچھ عرصہ نیا درود ورد کرتے ہو اور سوشل میڈیا پر پھر کسی نئے درود کی فضیلتیں کرامتیں نظر سے گزرتی ہیں تو اسکو اپنے دل دماغ پر سوار کر لیتے ہو کہ ہیں اس کی فضیلتیں تو فلاں درود سے بھی زیادہ ہیں
اب آپ دوبارہ سے نیا درود پکڑ لیتے ہو
یہاں آپ شیطان کو بھی موقع دیتے ہو وہ شیطان جو آپ کے ساتھ پیدا ہوا آپ کا اپنا شیطان جسے قرآن نے قرین کا نام دیا ھے
یہ قرین جو ھے نا
عرف عام میں جسے ہم ہمزاد بھی کہتے ہیں یہ بڑا ہوشیار چالاک اور طاقتور ہوتا ھے
اسکا وسوسہ انسان کو ہلاکت کے دہانے پر پہنچا دیتا ھے
اب یہ آپ کے سامنے نئے نئے مشاھدے لاتا ھے اور وسوسہ ڈالتا ھے یہ بھی پڑھ لو یہ بھی پڑھ لو وہ بھی پڑھ لو
اس" یہ " اور " وہ " میں یقین جانیے آپ نہ یہ پڑھ سکتے مستقل مزاجی سے اور نہ ہی وہ پڑھ سکتے
یقین نہیں آتا تو آزما کر دیکھ لیجیے
اور شیطان بھی تو یہی چاہتا ھے کہ آپ کوئی بھی نہ پڑھ سکیں اگر آپ نے کوئی ایک درود مستقل مزاجی سے پڑھ لیا کسی ایک درود پر اپنی کمر کس لی تو یقیناً شیطان کی کمر ٹوٹ جائے گی۔
پس آپ اپنے یقین کی کمزوری کی وجہ سے نہ یہ پڑھ پاتے نہ وہ پڑھ پاتے۔۔۔۔۔۔۔
اتنی بات تو سمجھ آ گئی کہ ہمارا یقین کمزور ھے جسکی وجہ سے ہم بار بار درود تبدیل کرتے ہیں
لیکن رکیے !
یہاں ایک اور بات بھی سنتے جائیں
مجھے ہزاروں لوگوں نے میسج کیا ہمیں کشف چاہیے کون سا درود پڑھیں،ہمارا قرضہ اتر جائے ہم کون سا درود پڑھیں ہم پر جناتی اثرات ہیں ہم کون سا درود پڑھیں ہماری دعا قبول نہیں ہو رہی ہم کون سا درود پڑھیں یعنی جس نے بھی آج تک میسج کیا مطلب اور فائدے کے لیے ہی درود پوچھا
آج تک کوئی ایسا پیدا ہی نہیں ہوا شاید کہ وہ یہ کہہ سکے کہ مجھے درود بتائیں کہ سرکارﷺمجھ سے راضی ہو جائیں
مجھے سرکارﷺمل جائیں۔مجھے حضورﷺکی محبت مل جائے مجھے بارگاہ رسالت مآبﷺمیں قبولیت کی سند مل جائے۔۔۔۔۔۔۔۔
کوئی نہیں ھے ایسا
کوئی ایسا اہل دل ہو کہ فسانہِ محبت
میں اُسے سنا کے روؤں وہ مجھے سنا کے روئے
جب آپ درود پڑھو گے مطلب اور فائدے کے لیے پھر یقین مضبوط نہیں کمزور ہی بنے گا۔
آپ اپنے اپنے دل پر ہاتھ رکھو اور خود فیصلہ کرو
کون کون ھے جو صرف محبت رسولﷺمیں درود پڑھتا ھے؟
کون کون ھے جو صرف مشاھدات اس نیت سے پڑھتا سنتا ھے کہ اپنا ورد مزید محبت سے پڑھیں گے نہ کہ درود تبدیل کرنے لگ جائیں گے۔
یہ مشاھدات تجربات اور روحانی خواب محض لفظوں کا ہیر پھیر ھے
وہ اسطرح کہ
ایک شخص کسی درود کی فضیلت فوائد و مشاھدات بیان کرتا ھے یعنی وہ تجربات بیان کر رہا ہوتا ھے جو کہ اس کی خود کی آپ بیتی ہو ہوتی ھے یا کسی دوسرے کی
کہ اس درود کو پڑھنے سے مشکلات حل ہوتی ہیں اور مشکلات بھی وہ کہ جب سارے راستے بند ہو جائیں ہر طرف اندھیرا چھا جائے مایوسی اس حد تک بڑھ جائے کہ ذہن میں خود کشی کے خیالات آنے لگیں ایسے میں اس درود کا ورد خزاں کے موسم کو بہار میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ھے غم ہلکے ہو کر کمر مضبوط ہوتی ھے اپنے پرائے سارے گرویدہ ہو جاتے ہیں
یہ سب لفظوں کا کمال ھے جس کو جتنا لکھنے میں مہارت ہو گی وہ اتنا ہی لوگوں کے دلوں میں اترنے کا ماہر ہو گا یا اپنی بات منوانے کا دستِ ہنر رکھتا ہو گا
اس کو مزید مثالوں سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں
اگر کوئی شخص درود خضری کے فوائد پر ایک مضمون باندھتا ھے اور لکھتا ھے کہ یہ وہ درود ھے جس کو پڑھنے سے عشق رسولﷺنصیب ہوتا ھے اور اس کی روحانی ترتیب یا تو بارگاہِ نبویﷺسے ہوتی ھے یا پھر اسے خضر علیہ السلام کے سپرد کر دیا جاتا ھے۔۔۔۔۔۔ اس فضیلت کے بعد وہ چار پانچ واقعات و مشاھدات بھی پوسٹ میں لکھ دیتا ھے
پڑھنے والا یہ سوچتا سمجھتا ھے کہ یہی سب سے بڑا اسم اعظم ھے اسکی زیادہ برکتیں ہیں اس کے زیادہ کرامتیں ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہاں ایک مثال پیش کرتا ہوں بات میں وزن ڈالنے کے لیے
اگر کوئی کہے درود ابراھیمی پڑھنے سے ولایت ملتی ھے لہذا اسے کثرت سے پڑھیں
تو میرا سوال یہ ھے کہ یہی ولایت درود کمالیہ سے نہی ملتی کیا؟
جب کہ تجرباتی طور پر پروفیسر باغ حسین کمال رحمتہ اللہ علیہ کی شخصیت ہمارے سامنے زندہ و جاوید ھے کہ جن کو اسی درود کے ورد سے ولایت نصیب ہوئی
اسی طرح اگر کوئی شخص کسی ایک درود کا پرچار کرے اور کہے کہ درود غوثیہ کے ورد سے زیارت الرسولﷺاور عشق رسولﷺنصیب ہوتا ھے اور پھر وہ اسکی فضیلت میں دس پندرہ مشاھدے بھی اچھالتا ھے
تو میرا سوال یہ ھے کہ یہی زیارت اور عشق تو درود خضری سے بھی مل سکتا ھے جب کہ تجرباتی طور پر علامہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ کی زندہ و جاوید شخصیت ہمارے سامنے ھے
میرے عزیزو!
ہر درود میں ہر فائدہ ھے ہر فضیلت ھے ہر کرامت
کسی کے تجربے سے متاثر ضرور ہوں لیکن اپنا ورد ہرگز ہرگز نہ چھوڑیں
میں ہرگز ہرگز اس چیز کے خلاف نہیں ہوں کہ کوئی اپنے سلسلے کے درود کا پرچار کرے یہ ہونا چاہیے ضرور ہونا چاہیے کیونکہ اس سے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ھے۔
لیکن جتنے لمبے چوڑے لفظوں میں جس درود کی فضیلت بیان کریں ساتھ یہ بھی لکھ دیا کریں کہ یہ تمام کے تمام فائدے ہر درود میں ہیں لہذا اپنا اپنا ورد جاری رکھیں درود کو بار بار تبدیل نہ کریں۔
الحمدللہ درود شریف کےاس پلیٹ فارم سے ہر درود کی فضیلت و کرامت بیان کی جاتی ھے۔ایسا ہرگز نہیں کیا جاتا کہ بس درود رحمت کے فضائل ہی بیان کیے جاتے ہوں
مجھے معلوم ہے کہ اگر جس دن میں نے درود رحمت کے فضائل و روحانی خوابوں پر پُل باندھ دئیے سینکڑوں لوگوں کے چلّے ٹوٹ جائیں گے سینکڑوں لوگ اپنا ورد چھوڑ کر درود رحمت پر لگ جائیں گے۔
یہی وجہ ھے کہ درود اکیڈمی کی آواز یہی ھے کہ درود پڑھیں اپنی پسند کا پڑھیں کسی مشاھدے سے متاثر ہو کر اپنے ورد میں محبت اور تعداد بڑھائیں نہ کہ درود تبدیل کریں
لہذا اے میرے عزیزو!
یاد رکھ لیں ہر درود میں ہر فائدہ ھے
آپ کے اپنے ورد میں کمالات بھی ہیں کرامات بھی
لیکن آپ کے دل دماغ میں کیا ھے یہ آپ ہی جانتے ہیں
لہذا بار بار درود تبدیل نہ کریں
Tags;
فضائل درود شریف