سرکارِ مدینہ ،فیض گنجینہ ،راحتِ قلب وسینہ ﷺ پر درود پاک پڑھنے کے بے شمار فضائل احادیث ِ مبارکہ میں وارد ہوئے ہیں ،چند روایات پیش ِ خدمت ہیں ،
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”اللہ عزوجل کی خاطر آپس میں محبت رکھنے والے جب باہم ملیں اورمصافحہ کریں اورنبی(2)پر درود پاک بھیجیں تو ان کے جدا ہونے سے پہلے دونوں کے اگلے پچھلے گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔”(3)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”جس نے محمد پردرود پاک پڑھا اورکہا
، ”اللّٰھُمَّ اَنْزِلْہُ الْمَقْعَدَ الْمُقَرَّبَ عِنْدَ کَ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ “
اس کے لیے میری شفاعت واجِب ہوگئی۔“(4)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”مجھ پر کثرت سے درود پاک پڑھو بے شک تمہارا مجھ پر درود پاک پڑھنا تمہارے گناہوں کیلئے مغفرت ہے ۔“(5)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”بے شک اللہ تعالی نے ایک فِرشتہ میری قبر پر مقرر فرمایا ہے جسے تمام مخلوق کی آوازیں سننے کی طاقت عطا فرمائی ہے پس قیامت تک جو کوئی مجھ پر درود پاک پڑھتا ہے تو وہ مجھے اس کا اوراسکے باپ کا نام پیش کرتاہے ۔کہتاہے ،فُلاں بن فُلاں نے آپ پر اس وقت درود پاک پڑھا ہے۔“(6)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:
”جو مجھ پر سو مرتبہ درود پاک پڑھے گا اللہ عزوجل اس کی سو حاجات پوری فرمائے گا ،ان میں سے تیس دنیا کی ہیں اور ستّرآخرت کی۔“(7)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”جس نے یہ کہا
جَزَ ی اللہُ عَنَّا مَحَمدًا مَّا ھُوَ اَھْلُہٗ
توستّر فِرِشتے ایک ہزار دن تک اس کیلئے نیکیاں لکھتے رہیں گے ۔“(8)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے: ” بروزِ قیامت لوگوں میں سے میرے قریب تر وہ ہوگا جس نے دنیامیں مجھ پر زیادہ درودِ پاک پڑھے ہوں گے ۔“(9)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”مجھ پر درود شریف پڑھو اللہ تعالیٰ تم پر رحمت بھیجے گا۔“(10)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”اے لوگو! بے شک بروز قِیامت اسکی دَہشتوں اورحساب کتاب سے جلد نجات پانے والا شخص وہ ہوگا جس نے تم میں سے مجھ پر دنیا کے اندر بکثرت درود شریف پڑھے ہوں گے۔“(11)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”جس نے مجھ پر سو مرتبہ درود پاک پڑھا اللہ تعالیٰ اُس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھ دیتاہے کہ یہ نِفاق اورجہنم کی آگ سے آزاد ہے اوراُسے بروزِ قیامت شُہَدا ء کے ساتھ رکھے گا ۔“(12)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”جو مجھ پر ایک دن میں ایک ہزار باردرود ِ پاک پڑھے گاوہ اُس وقت تک نہیں مرے گا جب تک جنت میں اپنا مقام نہ دیکھ لے ۔“(13)
فرمانِ مصطفی ﷺ ہے:”جس نے دن اوررات میں میری طرف شوق ومحبت کی وجہ سے تین تین مرتبہ درودِ پاک پڑھا اللہ تعالیٰ پر حق ہے کہ وہ اُس کے اُس دن اوراُس رات کے گناہ بخش دے.